-->

SHEHBAZ SHARIF ANNOYED ON IMRAN KHAN

خان صاحب عدالتوں سے بھاگتے ہیں ،پشاو رمیں ڈینگی آیا تو پہاڑوں پر چڑھ گئے‘شہبازشریف








مظفرگڑھ سے ہیڈ پنجندتک 90کلو میٹر سڑک کو دورویہ کرنے کا اعلان ، بہاوالدین ذکریایونیورسٹی کا کیمپس بنے گا،میٹروبس بھی چلے گی سیاسی مخالفین گلہ پھاڑ پھاڑ کرکہتے ہیں کہ بڑی کرپشن ہے، آپ اتنے چمپئن بنتے ہیں تو کوئی ثبوت بھی سامنے لائیں، نیازی صاحب ایسا شخص ہے جو دن رات جھوٹ بولتا ہے،اسے وہ بات بھی یاد نہیں رہتی جو وہ آدھا گھنٹہ پہلے کہہ چکا ہوتا ہے قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں، میرے تینوں ادوار میںدھیلے کی کرپشن بھی ثابت ہوجائے تو عوام کا ہاتھ اورمیرا گریبان ہوگا،میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ مرنے کے بعد بھی ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہوجائے مجھے قبر سے نکال کر لٹکا دیا جائے،جب تک جنوبی پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے وسطی پنجاب سے نہ ملا دوں ،میں چین سے نہیں بیٹھوں گا‘وزیراعلیٰ پنجاب کا ڈیرہ غازی خان او رمظفر گڑھ میں دو رویہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے اور جلسوں سے خطاب لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ڈیرہ غازی خان او رمظفر گڑھ میں الگ الگ بڑے جلسوں سے خطاب کے دوران جنوبی پنجاب کی ترقی اوروہاں کے عوام کی خوشحالی کے لئے اربوں روپے کے منصوبوں کے آغاز تعمیر کا افتتاح کیا اور اربوں روپے کے نئے منصوبوں کا اعلان کیا- وزیراعلی نے ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ میں علیحدہ علیحدہ تقریبات میں ڈیرہ غازی خان۔مظفرگڑھ دو رویہ سڑک کے آغاز تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان میں میٹروبس سروس شروع کرنے ،ڈی جی خان ٹیچنگ ہسپتال میںکڈنی اورد ل کے امراض کے وارڈوں کے قیام اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کا اعلان کیا ۔ وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ سے ہیڈ پنجندتک 90کلو میٹر طویل سڑک کو دورویہ کرنے کے منصوبے کا اعلان کیاجبکہ مظفرگڑھ میں بہاوالدین ذکریایونیورسٹی کا کیمپس بنانے کا بھی اعلان کیااور کہاکہ جلد ہی مظفر گڑھ میں بھی میٹروبس چلے گی۔وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے ڈیرہ غازی خان میں ڈیرہ غازی خان۔مظفرگڑھ دو رویہ سڑک کے آغاز تعمیر کے منصوبے کے افتتاح کے بعد بہت بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس اہم ترین منصوبے پر 13 ارب 38 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور55 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر و توسیع سے علاقے اور دیگر صوبوں کے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولت ملے گی۔ ڈیرہ غازی خان -مظفر گڑھ دو رویہ سڑک ایک تاریخی منصوبہ ہے اور بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخوا کو ملانے والی اس شاہراہ سے پنجاب آنے جانے کے روابط بڑھیں گے۔مظفرگڑھ سے ڈیرہ غازی خان تک سفر کے دوران آمد و رفت میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔ انہوںنے کہا کہ جنوبی پنجاب کیساتھ دیگر صوبوں میں بسنے والے ہمارے بھائی بھی اس اہم منصوبے سے فائدہ اٹھائیں گے اورجنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کیلئے اتنا بڑا منصوبہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ میں اس منصوبے کے کام کے معیار اور رفتار میں کمی نہیں آنے دوں گااورکام کی رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد اس علاقے کی ترقی و خوشحالی کیلئے اس منصوبے کو ایک بڑا منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے اوراس سڑک کے معیار کی نگرانی ہم سب نے ملکر کرنی ہے اور اس ضمن میں ،میں صوبائی وزراء ، ممبران اسمبلی اور محکموںکونگرانی کا کام کرنا ہے۔سڑک کی تعمیر پر عوام کا پیسہ اوران کے خون پسینے کی کمائی خرچ ہورہی ہے اوراس کے شفاف استعمال کو ہر قیمت پر یقینی بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک جنوبی پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے وسطی پنجاب سے نہ ملا دوں ،میں چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ آج جس عظیم الشان منصوبے کا سنگ بنیاد رکھاگیا ہے اس سے ڈیرہ غازی خان سے مظفرگڑھ تک دورویہ سڑک بنے گی،55کلو میٹر طویل سڑک کے اس تاریخی منصوبے پر 13ارب روپے سے زائد خرچ ہوں گے اوراس عوامی منصوبے کو اگلے سال 30جون تک مکمل کرلیاجائے گا۔اگر چہ یہ سڑک نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور وفاقی حکومت کی ہے لیکن یہ پاکستان کا حصہ ہے اوراس منصوبے کیلئے پنجاب حکومت اپنے وسائل سے 13ارب روپے فراہم کررہی ہی-انہوں نے کہا کہ مجھے ایک مرتبہ پھرجنوبی پنجاب اورڈیرہ غازی خان آنے کا موقع ملا ہے جس کے ساتھ میری یادیں2010ء کے سیلاب کے حوالے سے وابستہ ہیںاوریہ یادیں میرے دل اوردماغ سے قیامت تک نہیں نکل سکتیں۔مجھے سیلاب کے وہ دن یاد ہے جب ڈی جی خان ،راجن پور اورجنوبی پنجاب کے دیگراضلاع سیلابی پانی میں گھرے ہوئے تھے اور میں نے گاڑیوں ،موٹرسائیکلوں اورپیدل سفر کر کے ان علاقوں کا دورہ کیا اوراپنے بہن بھائیوں تک پہنچا او ران کی مدد کی۔جنوبی پنجاب کو100سالہ تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا سامنا تھا جب سیلابی پانی سمندر کی شکل اختیار کرگیا تھا۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پنجاب حکومت نے اس بدترین سیلاب سے نمٹنے کیلئے ہر قسم کے وسائل آپ کے قدموں میں نچھاور کئے اور آپ کی بحالی تک میں چین سے نہیں بیٹھا۔جب میں سیلاب کے دوران کوٹ سبزل سے لیکر میانوالی تک اس علاقے میں گھوما تو پھر مجھے سمجھ آیا کہ جنوبی پنجاب کے مسائل کیا ہیں اور میں نے اس وقت اللہ تعالی سے وعدہ کیا کہ میں جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔انہوں نے کہا کہ اس دورویہ سڑک کی تعمیر کے دوران دریائے سندھ پر پل بھی تعمیر کیاجارہا ہے اس میں کچھ وقت ضرور لگے گا کیونکہ اس دریاپر ایک اور پل بنایا جارہا ہے ۔اس دوران علاقے کے عوام کی مشکلات کے ازالے کے لئے عارضی پل بنایا جائے گاتاکہ لوگوں کو آنے جانے میں مشکل پیش نہ آئے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاسی مخالفین گلہ پھاڑ پھاڑ کرکہتے ہیں کہ بڑی کرپشن ہے۔جب انہوں نے یہ الزام لگایا کہ میں نے جاوید صادق نامی شخص سے 27ارب روپے کی رشوت لی تو میں نے خان صاحب کو نوٹس دیاجس کا انہوں نے کوئی جواب نہ دیا۔پھرنیازی صاحب نے کہا کہ پاناما کیس میں نوازشریف خاندان کو بچانے کیلئے میں نے 10ار ب رشوت دی ۔اس پر بھی میں نے انہیں نوٹس بھجوایا لیکن انہوںنے کوئی جواب نہ دیااورنہ ہی خان صاحب عدالت میں حاضر ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ خان صاحب ملک کی دولت کو لٹیروں سے بچانے کے لئے اتنے چیمپین بنتے ہیں تو میں انہیں چیلنج کرتاہوں کہ مجھ پر ایک دھیلے کی اگر کرپشن کا الزام ہے تو عدالت میں ثبوت دو۔خان صاحب اتنے ہی چیمئین بنے پھرتے ہیں تو وہ میرے نوٹس پر جواب بھی دیں لیکن انہوںنے کوئی جواب نہیں دیا -10ارب روپے کی رشوت کی پیشکش کی بے بنیاد بات کی اس کا بھی کوئی جواب نہیں دیا بلکہ خان صاحب عدالت سے بھاگتے ہیں-میں نے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا کر قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں اور سیلاب کے دنوں میں قسم کھائی تھی کہ جنوبی پنجاب کی حالت بدلوں گا او ریہ میری زندگی کا مشن ہے،ان لوگوں کو ملتان میٹرو کی تکلیف ہے،ڈینگی آیا تو ہم نے اپنے بھائیوں کی مدد کے لئے ہر طرح کے تعاون کی پیشکش کی او رسب کچھ لے کر حاضر ہوئے -میں کئی بار کہہ چکا ہوں کہ اگر میرے تینوں ادوار میں ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت ہوجائے تو عوام کا ہاتھ اورمیرا گریبان ہوگا۔ یہی نہیں اگر میرے مرنے کے بعد بھی ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہوجائے مجھے قبر سے نکال کر لٹکا دیا جائے۔انہوںنے کہا کہ نیازی صاحب ایسا شخص ہے جو دن رات جھوٹ بولتا ہے اوراسے وہ بات بھی یاد نہیں رہتی جو وہ آدھا گھنٹہ پہلے کہہ چکا ہوتا ہے ۔اگر ایسا شخص عوامی لیڈر بن کر سامنے آرہا ہے تو قوم خود فیصلہ کرے کے وہ اپنے بچوں کو کیسے عظیم معمار بناسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے 9سالہ دور میں غریب قوم کی محنت اورخون پسینے کی کمائی کے اربوں روپے بچائے ہیں ۔میر ے خلاف ملتان میٹروبس کرپشن کا ایک بے بنیاد الزام اورڈھکوسلہ گھڑا گیا۔الزام تھا کہ میں نے ملتان میٹروبس کے شاندار منصوبے میں اپنی کمپنی کے ذریعے 1ارب 70کروڑ روپے چین منتقل کیے ہیں ۔میں نے چیلنج دیا کہ 48گھنٹے میں ثبوت لے آؤ اوراگر ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت ہوجائے تو میں اللہ تعالیٰ اورعوام کی عدالت کا مجرم ہوں ۔چین کی حکومت نے بھی اس الزام کو جھوٹ اورفراڈ قرار دیا۔ملکی اداروں نے بھی اس کی تحقیقات کیں اوراس الزام کے فراڈ کوسامنے لے کرآئے۔انہوںنے کہا کہ وسائل قو م کی امانت ہیں اوراس کی ایک ایک پائی عوام کی ترقی اورخوشحالی پر خرچ کرنا ہمارا فرض ہے جب تک عوام ہمیں یہ ذمہ داری دیتے رہیں گے ہم اسے نبھاتے رہیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب پنجاب کو ڈینگی کی وباء کا سامنا کرنا پڑا تو نیازی صاحب نے نوازشریف اور مجھے ڈینگی برادران کہااور2011ء میں خان صاحب نے یہ سرٹیفکیٹ ہمیں دیا ،مجھے اس کی کوئی پروا ہ نہیں ۔اب یہی وباء پشاور میں آئی ہے ،ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پشاور کے عوام کو اس وباء سے جلد نجات دلائے۔انہوںنے کہا کہ پنجاب ،سندھ،کے پی کے ،بلوچستان ،گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر سے ملکر پاکستان بنتا ہے اور اگر کسی علاقے کے لوگ کسی مشکل میں پھنستے ہیں تو ان کی مددکرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔بدقسمتی سے پشاور میں جب ڈینگی کی وباء آئی تو خان صاحب پہاڑوں پر چڑھ گئے اور وہاں سیر کرتے رہے ۔خان صاحب کو پہاڑوں کی سیر چھوڑ کرصوبے کے عوام کے دکھ درد بانٹے کیلئے ان کے ساتھ ہوناچاہیے تھالیکن شاید ان کے دل میں عوام کا کوئی درد نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا مقصد عوام کی خدمت ہے اوراس کے لئے ہم نے دن رات ایک کیا ہے ۔وسائل عوام کو تعلیم ،صحت اوردیگر بنیادوں سہولتوں کی فراہمی پر نہایت شفاف انداز سے صرف کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا ایک بڑا پروگرام ترتیب دیاگیاہے جس کا آغاز جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان سے کیا جارہاہے ۔قبائلی علاقوں میں اس حوالے سے سروے کا کام مکمل ہوگیا ہے اور رواں سال نومبر،دسمبر میں پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے کمپنیوں سے معاہدے ہوجائیں گے اورانشاء اللہ جنوبی پنجاب کی 55تحصیلوں میںنہایت شفاف طریقے سے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام کے ٹھیکے اس سال کے آخر تک دیئے جاچکے ہوں گے اور اگلے سال اللہ تعالیٰ کو منظور ہوا تو جنوبی پنجاب کے عوام کو صاف پانی ملے گا۔جنوبی پنجاب کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام کیلئے 15ارب روپے رکھے گئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ڈیرہ غازی خان میں دانش سکول بن چکا ہے جبکہ اس کی تحصیل تونسہ میں دانش سکول کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے۔دانش سکول تعلیم کے ایسے دانش کدے ہیں جہاں غریب ترین گھرانوں کے بچوں کواعلی تعلیم مفت دی جارہی ہے۔جن بیواؤں کے بچوں اوربے سہارا یتیموںپر ایچی سن کالج جیسے تعلیمی اداروں کے دروازے بند تھے، دانش سکولوں نے ان بچوں کے لئے معیاری تعلیم کے دروازے کھول دیئے ہیں جس طرح بے سہارا اوریتیم بچوں کا داخلہ ایچی سن کالج جیسے معروف تعلیمی اداروں میں بندہے ،اسی طرح امیروں کے بچے دانش سکولوں میں داخلہ نہیں لے سکتی-انہوںنے کہاکہ ڈیرہ غازی خان کے عوام نے اتنی بڑی تعداد میں جلسہ گاہ میں آکر میری تھکاوٹ اتار دی ہے اور مجھے یقین ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں ڈی جی خان پاکستان مسلم لیگ(ن) کا قلعہ ثابت ہوگا۔انہوںنے کہا کہ اگر جنوبی پنجاب کے عوام نے مسلم لیگ(ن) کو ایک بار پھر خدمت کا موقع دیا تو ہم ڈی جی خان،مظفرگڑھ اورجنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کو لاہور کے برابر لانے کیلئے دن رات ایک کردیںگے۔وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اورپولیس لوکل گورنمنٹ کا ساتھ دیں اورترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں ان کی بھر پور معاونت کریں اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو خمیازہ بھی بھگتنا پڑے گاکیونکہ یہ لوگ عوام کے منتخب نمائندے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے کم ترقی یافتہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبو ں کا جال بچھا دیا ہے ۔ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام نے دیہی زندگی میں انقلاب بر پا کریا ہے ۔پاکستان کی تاریخ کا یہ عظیم الشان منصوبہ ہے ، جس کی کوئی اورمثال موجود نہیں ۔بعدازاںوزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے مظفر گڑھ میں بھی مظفر گڑھ -ڈیرہ غازی خان دورویہ سڑک کے منصوبے کے آغاز تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا اور وزیراعلی نے فیصل سٹیڈیم مظفرگڑھ میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو دن رات کرپشن کے خاتمے کی بات کرتے ہیں وہ جھوٹ بولتے ہیں کیونکہ انہوںنے اپنے صوبے میں ایک دھیلے کا بھی کام نہیں کیاہے ۔جو جھوٹ بولتے ہیں،کرپشن کرتے ہیںاورپاکستان کو قائد ؒو اقبالؒ کاپاکستان نہیں بننے دینا چاہتے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی مخالفت کرتے ہیں ،آپ نے ان کامقابلہ کرنا ہے،ان کے ساتھ لڑنا ہے اورانہیں ان کے مذموم ارادوں میں ناکام بنانا ہے۔ہمیں ڈینگی برادران کا طعنہ دینے والے کے اپنے صوبے کو جب اس وباء نے لپٹ میں لیاہے تو وہ اپنے عوام کی مدد کرنے کی بجائے سیرو سیاحت کیلئے پہاڑوں پر چڑ ھ گئے ۔جب ہم نے پنجاب سے ڈاکٹروں کی ٹیم بھجوائی اور موبائل ہسپتال روانہ کیا تو خان صاحب نے اسے بھی کام نہ کرنے دیا۔ہم نے پنجاب سے ڈینگی کے خاتمے کیلئے دن رات ایک کیا اورہماری محنت رنگ لائی اورصوبے سے اس وباء کا خاتمہ ہوا۔میری عوام سے اپیل ہے کہ جب یہ لوگ آپ سے آئندہ ا لیکشن میں ووٹ مانگنے آئیں تو انہیں آئینہ ضروری دکھائیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) نے 2013ء کے انتخابات میں عوام سے جو وعدے کیے تھے انہیں پورا کیا ہے ۔ان میں سب سے بڑا وعدہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا تھا۔اگر عوام نے مسلم لیگ(ن) کو ایک بار پھر خدمت کا موقع دیا تو اسی زورو شور سے ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ 15سال سے جاری توانائی بحران نے ملک کی صنعت ،زراعت اور دیگر شعبوں کو بے پناہ نقصان پہنچایاہے ۔ ہماری توانائی بحران کے خاتمے کیلئے شب و روز کی کاوشیں رنگ لارہی ہیں۔دیہاتوں اورشہرو ں میں ہمیشہ کے لئے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا وقت آگیاہے۔سابق حکمرانوں نے توانائی بحران کے خاتمے پر توجہ دینے کی بجائے لوٹ مار کی اوررینٹل پاور پراجیکٹ کے نام پر کرپشن کی ،نندی پورپاور پراجیکٹ کو روک کر غریب قوم کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ گزشتہ حکومت نے کبھی رینٹل پاور کے نام پر لوٹ مار کی او رکبھی نندی پور پراجیکٹ میں 5برس کی تاخیر کی گئی ،اس طرح پاکستان کو ترقی کے سفر سے دور کیا گیا-پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کی ہے اور2010ء کے سیلاب میں جنوبی پنجاب کا کوئی ا یسا کونہ نہ تھا جہاں میں نہ گیا ہوں-انہوںنے کہاکہ عوام کی خدمت کے لئے مٹی کے سا تھ مٹی ہوتا پڑتا ہے -دن رات جھوٹ بولنے والوں نے اپنے صوبے میں دھیلے کا کام نہیں کیا-ڈینگی آیا تو خان صاحب پہاڑوں پر چڑھ گئے -70برس کے دوران وہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ہی حکومت ہے جس نے جنوبی پنجاب کے لئے اربوں روپے کے منصوبے شفافیت اور معیار کے ساتھ مکمل کئے ہیں-انہوںنے کہاکہ جب تک جان میں جان ہے میں دن رات آپ کی خدمت کرتا رہوں گا-پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے سنجیدگی سے کام کیا۔ساہیوال میں 1320میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ ،جھنگ ،بھکی اوربلوکی گیس پاورپراجیکٹس کی تکمیل سے بجلی کی پیداوار شروع ہوچکی ہے۔حکومتی اقدامات کے باعث دیہاتوں اورشہروں سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔یہ اللہ تعالیٰ کا خاص انعام ہے اور اس سال کے آخر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہمیشہ کیلئے دفن ہوجائے گی اور لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کا خاتمہ ہوجائے گا۔ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہوگااورملک تیزی سے آگے بڑھے گا۔انہوںنے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے یہ بڑی خوشخبر ی ہے کہ ڈی جی خان ،مظفرگڑھ دورویہ سڑک کا سنگ بنیاد رکھ دیاگیا ہے۔55کلومیٹر طویل یہ دورویہ اعلی معیار کی سڑک اگلے سال30جون تک مکمل ہوگی اور اس سڑک کا معیار موٹروے جیسا ہوگا۔یہ میں لفاظی سے کام نہیں لے رہا ،آپ مجھی2010ء کے سیلاب کے حوالے سے اچھی طرح جانتے ہیں۔میں جو بات کرتا ہوں، اس پر عمل کرنے کی پوری کوشش کرتا ہوں۔جنوبی پنجاب میں اربوں روپے کے منصوبے لگ رہے ہیں ۔لودھراں ،خانیوال روڈ کے تعمیر کے منصوبے پر 23ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں اور یہ منصوبہ اگلے سال مکمل ہوگا۔ترک حکومت نے 60بستروں پر مشتمل رجب طیب اردوان ہسپتال بنایا۔ پنجاب حکومت نے پہلے اس ہسپتال کو 120 بستروں تک بڑھایا اوراب پنجاب حکومت اس ہسپتال میں 250بستروں کا اضافہ کررہی ہے -انشاء اللہ اس سال 25دسمبر تک اس ہسپتال کا توسیعی منصوبہ چالوہوجائے گااورجنوبی پنجاب کے عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی شروع کر دے گااوراس ہسپتال میں علاقے کے عوام کو شاندار علاج معالجہ میسر آئے گا۔ملک کی 70سالہ تاریخ میں کونسا ایسا موقع آیا جب کسی نے جنوبی پنجاب میں اربو ں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبے شفافیت اوراعلی معیار کے بنائے ہوں۔یہ اعزاز اللہ تعالیٰ نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کوہی عطا کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ پورے پنجاب میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔اس سال کے آخر تک خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی پر 85ارب روپے خرچ کیے جاچکے ہوں گے اوراس پروگرام نے دیہاتی زندگی میں انقلاب بر پا کردیاہے اوراب دیہی آبادی کو ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی بجائے اسفالٹ سڑکیںمیسر ہیں اورایسی شاندارسڑکوں کی پورے ملک میں کوئی اورمثال نہیں۔یہ سب محنت ،امانت اوردیانت کانتیجہ ہے۔انہوںنے کہا کہ وفاقی اورصوبائی حکومت کے بھر پور تعاون سے کسانوں کو سستی کھاد دی گئی اوریہ ملک کی 70سالہ تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ چھوٹے کاشتکاروں کو بلاسود قرضے مل رہے ہیں ۔دیکھتی آنکھ نے کبھی ایسا منظر پہلے نہیں دیکھا تھا۔اب تک پونے دو لاکھ چھوٹے کسانوں کو چار ارب روپے کے بلاسود قرضے دیئے جاچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 2010ء کے سیلاب میںاپنی ناسازی طبع کے باوجودویگن میںلیٹ کر اپنے سیلاب میںگھرے بہن بھائیوں کے پاس پہنچا۔میں ہر سیلاب زدہ علاقے میں گیااورمصیبت میں پھنسے ہوئے اپنے عوام کی بھر پور مددکی۔ انہوںنے کہاکہ میں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک مظفر گڑھ ،ڈی جی خان،بہاولپور ،ملتان،خانیوال اورجنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کو لاہور، سیالکوٹ اورگوجرانوالہ کا ہم پلہ نہ بنادوںاور یہ میری زندگی کا مشن ہے۔انہوں نے کہاکہ ملتان میں میٹروبس سروس عوام کو معیاری سفری سہولتیں فراہم کررہی ہے ۔انشاء اللہ وہ وقت بھی آئے گا جب مظفر گڑھ میں بھی میٹروبس چلے گی۔ وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ سے ہیڈ پنجندتک 90کلو میٹر طویل سڑک کو دورویہ کرنے کے منصوبے کا اعلان کیاجبکہ مظفرگڑھ میں بہاوالدین ذکریایونیورسٹی کا کیمپس بنانے کا بھی اعلان کیا۔انہوںنے کہاکہ مظفرگڑھ سے ہیڈ پنجند تک سڑک کی تعمیر کیلئے اس سال کچھ فنڈ دئیے جائیں گے اور اگر اگلے برس عوام نے ہمیں اپنی خدمت کے لئے دوبارہ منتخب کیا تو اس منصوبے کو مزید فنڈز دے کر مکمل کریں گی-انہوںنے کہاکہ صاف پانی ہر ماں،ہر بیٹی،ہر بیٹے،ہر بھائی،ہر بہن اورہر شہری کا بنیادی حق ہے اور ہم نے یہ حق انہیں دینے کے لئے صاف پانی کا ایک بڑا پروگرام بنایا ہے۔ صاف پانی کی فراہمی پورے پاکستان کا چیلنج ہے تاہم ہم نے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب سے کردیا ہے اوراس سال اس پروگرام پر عملدر آمد کیلئی15ارب روپے رکھے گئے ہیں ۔اس منصوبے کی تکمیل سے پنجاب کے ہر شہری کو صاف پانی ملے گا،بیماریاں ختم ہوگی اور صحت مند معاشرہ تشکیل پائے گا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان غریب ملک ہے لیکن یہ کب تک غریب رہے گا،ہمیں اسے ملکرمعاشی قوت بنانا ہے ۔ جو ممالک ہم سے ترقی میں پیچھے تھے وہ آگے نکل گئے ہیں۔بھارت ہمیں آنکھیں دکھاتا ہے اسے اس بات کو سامنے رکھنا چاہیے پاکستان ایک نیوکلیئر طاقت ہے اورہماری جری اوربہادر فوج ہیں،جو دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے پاکستان کو عظیم سے عظیم تر 
ملک بنانا ہے اوریہ مقصد محنت ،عزم ،امانت اوردیانت جیسے سنہری اصولوں کو اپنا کر حاصل کیا جاسکتا ہے۔