پاکستان کی شان ’صاحبزادہ فرحان‘ نے ہانگ کانگ سکسز کے میچ میں ناقابل یقین کارنامہ سرانجام دیدیا، جان کر
آپ بھی داد دینے پر مجبور ہو جائیں گے ہانگ کانگ
آپ بھی داد دینے پر مجبور ہو جائیں گے ہانگ کانگ
ہانگ کانگ : ایک جانب قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا کیخلاف برسرپیکار ہے اور کامیابیاں سمیٹ رہی ہے تو دوسری جانب پاکستانی کرکٹرز ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ میں بھی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں اور دنیا کو حیران کرنے میں مصروف ہیں۔
آج ہی شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ، ہانگ کانگ اور ایم سی سی کی ٹیموں کے خلاف تین میچ کھیلے اور تینوں میں کامیابی حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کر دیا ہے جبکہ جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں صاحبزادہ فرحان نے ایسا ’کارنامہ‘ سرانجام دیا کہ آپ بھی داد دینے پر مجبور ہو جائیں گے۔
آج کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی نمائندگی حماد اعظم اور صاحبزادہ فرحان کر رہے تھے اور بیٹنگ کیلئے جنوبی افریقہ کی ٹیم موجود تھی۔ حماد اعظم نے گیند کروائی تو جنوبی افریقی بلے باز شاٹ مار کر سکور لینے بھاگا، گیند باﺅنڈری کی طرف جانے لگی تو وکٹ کیپنگ کرتے صاحبزادہ فرحان نے گیند پکڑنے کیلئے دوڑ لگا دی اور حماد اعظم دوڑتے ہوئے بیٹنگ اینڈ پر چلے گئے تاکہ تھرو پکڑ سکیں۔
لیکن صاحبزادہ فرحان نے تھرو باﺅلنگ اینڈ کی طرف پھینک دی جس پر حماد اعظم کو چلاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ”نہیں نا یار۔۔۔ بیٹنگ اینڈ کی طرف پھینکنے کیلئے کال کی ہے کتنی دفعہ۔“
حماد اعظم ابھی غم و غصے سے باہر نہیں نکل پاتے کہ صاحبزادہ فرحان کی جانب سے پھینکی گئی تھرو سیدھی وکٹوں پر جا لگتی ہے اور بلے باز بھی حیران پریشان رہ جاتا ہے جبکہ سٹیڈیم تالیوں کے شور سے گونج اٹھتا ہے۔ کمنٹیٹر بھی خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو کر ان کی تعریفوں کے پل باندھ دیتا ہے۔
واضح رہے کہ ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ میں شریک پاکستانی سکواڈ کی قیادت سہیل تنویر کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سہیل خان، جاہد علی، محمد سمیع، انور علی، حماد اعظم اور صاحبزادہ فرحان شامل ہیں۔