KHADIM RAZWI COMMENTS ON DHARNA
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور میں تحریک لبیک کے ایک دھڑے کی جانب سے دھرنا ختم نہ کرنے اور ڈاکٹراشرف آصف جلالی کے الزامات کے بعد علامہ خادم حسین رضوی نے بھی جواب دیدیا ہے اور کہاہے کہ کوئی ان سے پوچھے کہ ان کے مقاصد کیا ہیں، ہماری ، تحریک کا نام تحریک لبیک یا رسول اللہ ہے، اسی کا سیاسی ونگ تحریک لبیک پاکستان بنایاہے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’دنیا کامران خان ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خادم حسین نے کہاکہ دھرنا پرامن تھا ، نہ جنگ ہوئی اور نہ ہی کوئی قتل و غارت ہوئی ۔ دوسروں کی ملانے کی بات کرنے اور اپنی ہی تحریک لبیک یارسول اللہ کو نہ جوڑپانے ، لاہور میں بدستور دھرنا جاری ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں علامہ خادم حسین نے کہاکہ ”یہ ان سے پوچھا جاسکتاہے کہ ان کے کیا مقاصد ہیں، ہم تو جس کام کیلئے گئے تھے ، سب کو پتہ ہے“۔
معاہدہ کرکے زریں اصولوں کو توڑنے اور ڈاکٹر اشرف جلالی کے تحریک لبیک کے چیئرمین ہونے سے متعلق دعووں کے سوال پر علامہ خادم حسین نے ب تایاکہ ”ٹھیک ہے ، ہماری تحریک کا نام تحریک لبیک یا رسول اللہ ہے، اسی کا سیاسی ونگ تحریک لبیک پاکستان بنایاہے ، گھر میں بھی باتیں ہوجاتی ہیں لیکن اب ان بے چاروں کو سوچنا چاہیے تھا کہ کیا کیا کارنامے سرانجام دیئے ہیں، انہیں بات نہیں کرنی چاہیے ، میں بھی نہیں کرتا۔ گھر میں باپ بیٹا بھی لڑپڑتے ہیں لیکن یہ مطلب نہیں ہوتا کہ گھرآباد نہیں ہوتے “۔